بھارتی مسلمان خاتون شاہدہ فقیر کی بنگلہ دیش ملک بدری

بھایں انتخابی فہرستوں پر نظرثانی اور غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں کے دوران ممبئی کی 38 سالہ مسلمان خاتون شاہدہ فقیر کو مبینہ طور پر حراست میں لے کر بنگلہ دیش منتقل کر دیا گیا۔ شاہدہ تین ماہ سے زائد عرصے بعد بنگلہ دیش کے گاؤں ستکھیرا میں موجود ہیں، جبکہ ان کے اہل خانہ بھارت میں ان کی واپسی کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شاہدہ فقیر 19 جولائی کو گھر سے سبزی خریدنے کے لیے نکلی تھیں۔ انہوں نے اپنے چھوٹے بیٹے کو بتایا تھا کہ وہ جلد واپس آجائیں گی، تاہم ان کے شوہر اور بچے انتظار کرتے رہ گئے اور وہ گھر واپس نہ پہنچ سکیں۔

شاہدہ نے رائٹرز کو بتایا کہ تقریباً تین ماہ قبل سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے انہیں اچانک حراست میں لے لیا اور ان کا موبائل فون بھی قبضے میں کرلیا۔

ان کے بقول، کسی شخص نے پیچھے سے ان کا ہاتھ پکڑا اور گاڑی میں بیٹھنے کا حکم دیا۔ ان کے موبائل فون میں شناختی دستاویزات کی نقول بھی محفوظ تھیں، لیکن انہیں یہ دستاویزات دکھانے کا موقع نہیں دیا گیا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق شاہدہ کو حراست میں لینے والے اہلکاروں کا تعلق ممبئی پولیس کی کرائم برانچ سے تھا۔

بھارت میں انتخابی فہرستوں سے 13 کروڑ نام خارج

شاہدہ فقیر کا معاملہ بھارت میں انتخابی فہرستوں پر نظرثانی اور مشتبہ غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائیوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق بھارت میں انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے دوران مجموعی طور پر 13 کروڑ نام خارج کیے گئے، جو ملک کی تاریخ میں ووٹرز کے ناموں کی سب سے بڑی کٹوتی ہے۔

اس عمل سے مسلمان اقلیت غیر متناسب طور پر متاثر ہوئی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کئی دہائیوں پرانے شناختی اور خاندانی دستاویزات موجود ہیں، جبکہ ان کے والدین اور دیگر رشتہ دار بھی بھارتی ووٹر فہرستوں میں شامل رہے ہیں۔

یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت غیر قانونی تارکین وطن کی شناخت اور انہیں ملک بدر کرنے کی کارروائیاں تیز کر رہی ہے۔

مغربی بنگال سمیت مختلف ریاستوں میں بنگالی بولنے والے مسلمانوں کو بنگلہ دیشی شہری قرار دے کر حراست میں لینے اور سرحد پار بھیجنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ متاثرین میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو خود کو بھارتی شہری قرار دیتے ہیں اور اپنی شہریت کے حق میں دستاویزی شواہد رکھتے ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں 2014 میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلمانوں کے ساتھ مبینہ امتیازی سلوک اور انہیں قومی دھارے سے الگ کرنے کی پالیسیوں پر تشویش ظاہر کرتی رہی ہیں۔

انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے خلاف بھارت میں احتجاج بھی کیا گیا اور بی جے پی پر الزام لگایا گیا کہ وہ انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کے لیے ووٹر فہرستوں میں تبدیلیاں کر رہی ہے۔ تاہم حکمران جماعت جائز شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزامات مسترد کرتی ہے۔

مغربی بنگال میں مسلمان ووٹرز زیادہ متاثر ہوئے

رائٹرز کے مطابق مغربی بنگال میں انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا عمل سب سے زیادہ آگے بڑھا، جہاں رواں سال کے اوائل میں ریاستی انتخابات سے قبل تقریباً 90 لاکھ نام خارج کیے گئے۔

کولکتہ میں قائم صابر انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مزید تفصیلی جانچ کے بعد خارج کیے گئے 27 لاکھ ناموں میں تقریباً 70 فیصد مسلمانوں کے تھے، حالانکہ ریاست کی مجموعی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب 27 فیصد ہے۔

بی جے پی نے ان انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے پہلی مرتبہ مغربی بنگال میں حکومت قائم کی۔

صابر انسٹی ٹیوٹ کے بانی صابر احمد نے رائٹرز کو بتایا کہ حکمراں جماعت کے خلاف عوامی ناراضی کو انتخابی نتائج کا ایک اہم عنصر قرار دینے سے انکار نہیں کیا جاسکتا، تاہم ووٹر فہرستوں سے ناموں کی بڑے پیمانے پر کٹوتی نے بھی نتائج پر نمایاں اثر ڈالا۔

بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے 5 نومبر کو ریاست ہریانہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی فہرستوں سے نام خارج کرنے اور مشتبہ غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کی کارروائیوں کو ایک دوسرے سے جوڑا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی کا عزم ہے کہ دراندازوں کی نشاندہی کی جائے، ان کے نام انتخابی فہرستوں سے نکالے جائیں اور پھر انہیں ایک ایک کرکے ملک سے باہر بھیجا جائے۔

مغربی بنگال میں اس معاملے پر خاصی کشیدگی پائی جاتی ہے، جہاں تقسیم ہند اور 1971 کی نقل مکانی کے باعث کئی خاندانوں کے رشتہ دار آج بھی بھارت اور بنگلہ دیش کے دونوں جانب آباد ہیں۔

بھارت کی وزارت داخلہ، وزیراعظم کے دفتر اور الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر رائٹرز کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔

شاہدہ کو سرحد پار کیسے پہنچایا گیا؟

شاہدہ فقیر کے مطابق انہیں رات تقریباً ایک بجے سرحد کے ایسے مقام سے بنگلہ دیش پہنچایا گیا جہاں نہ کوئی سرحدی چوکی تھی اور نہ ہی باڑ موجود تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے جسم پر کیچڑ لگی ہوئی تھی اور کئی گھنٹے پیدل چلنے کے بعد ایک کسان نے انہیں روتے ہوئے دیکھا اور اپنے پاس پناہ دی۔

دوسری جانب ممبئی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ شاہدہ کو آسام کی سرحد پر بارڈر سکیورٹی فورس کے حوالے کیا گیا تھا، جس کے بعد متعلقہ حکام کے ذریعے انہیں بنگلہ دیش بھیج دیا گیا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق شاہدہ ان 149 افراد میں شامل تھیں جنہیں اسی کارروائی کے دوران بنگلہ دیش منتقل کیا گیا۔ حکام نے ان افراد کو بنگلہ دیشی شہری قرار دیا تھا۔

شاہدہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ انہیں بنگلہ دیش بھیج دیا جائے گا، کیونکہ ان کا گھر، دادا دادی اور خاندان کی کئی نسلیں بھارت میں آباد رہی ہیں۔

شاہدہ کے اہل خانہ کی سپریم کورٹ میں درخواست

شاہدہ کے شوہر جمن اب عدالت میں ان کی واپسی کے لیے مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ یہ درخواست مغربی بنگال کی انتخابی فہرستوں سے نام خارج کیے جانے کے خلاف دائر کی گئی لاکھوں درخواستوں میں شامل ہے۔

شاہدہ کے اہل خانہ نے اگست میں سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انتخابی فہرست سے کسی شخص کا نام خارج ہونا اس کی شہریت ختم ہونے کا ثبوت نہیں بن سکتا۔ ان کے مطابق محض حکام کے غیر مصدقہ دعوے کی بنیاد پر کسی شہری کو ملک بدر نہیں کیا جاسکتا۔

رائٹرز کے جائزہ لیے گئے خاندانی ریکارڈ کے مطابق شاہدہ کے والدین اور دادا دادی کے نام 1952 میں بھارت کے پہلے عام انتخابات سے ہی مغربی بنگال کے علاقے سواروپ نگر کی انتخابی فہرستوں میں شامل رہے ہیں۔ ان کے نام 2002 اور 2003 کی ووٹر فہرستوں میں بھی موجود تھے۔

رائٹرز کے مطابق شاہدہ کا اپنا نام بھی کم از کم 2008 سے انتخابی فہرستوں میں شامل رہا ہے، جس کا ثبوت ان کا ووٹر شناختی کارڈ ہے۔

تاہم ممبئی کے فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس نے کولکتہ ہائی کورٹ کو بتایا کہ شاہدہ نے پوچھ گچھ کے دوران بنگلہ دیش کا پیدائشی سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا اور بھارتی شہریت ثابت کرنے کے لیے قابل اعتبار دستاویزات فراہم نہیں کرسکی تھیں۔

شاہدہ نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے ان کا موبائل فون قبضے میں لے لیا تھا، جس میں شناختی دستاویزات کی نقول موجود تھیں۔ انہیں یہ دستاویزات پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔

بھارتی قانون کے تحت شہریوں کے لیے ہر وقت اپنے ساتھ شناختی دستاویزات رکھنا لازمی نہیں ہے۔

‘تم بنگلہ دیشی ہو’، گرفتار شہری کی کہانی

رائٹرز کے مطابق کولکتہ ہائی کورٹ میں دائر ایک دوسری درخواست میں برتن فروخت کرنے والے ناصرالدین شیخ اور چار دیگر افراد نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابی فہرستوں سے نام خارج ہونے کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا، حالانکہ اس فیصلے کے خلاف ان کی اپیلیں خصوصی ٹربیونلز میں زیر سماعت تھیں۔

ناصرالدین شیخ نے بتایا کہ ریاست چھتیس گڑھ میں پولیس نے انہیں اور 22 دیگر افراد کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ اپنے گھر سے سیکڑوں کلومیٹر دور کام کر رہے تھے۔

ان کے مطابق 19 افراد کو 14 روز بعد رہا کردیا گیا کیونکہ حکام کو نظرثانی شدہ انتخابی فہرستوں میں ان کے نام مل گئے تھے، تاہم شیخ اور تین دیگر افراد کو مزید 32 روز تک حراست میں رکھا گیا۔

ناصرالدین نے رائٹرز کو بتایا کہ ایک پولیس اہلکار نے ان سے کہا کہ ووٹر فہرست میں تمہارا نام نہیں، اس لیے تم بنگلہ دیشی ہو۔

ان کے مطابق عدالت میں سماعت سے ایک رات قبل انہیں دیگر زیر حراست افراد کے ساتھ رہا کردیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ حراستی مرکز میں ایک بڑا ہال تھا جہاں 60 سے زائد افراد کے لیے بستر موجود تھے۔ وہاں زیر حراست افراد کے طبی معائنے اور بائیومیٹرک اندراج کے بعد انہیں رکھا جاتا تھا اور باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔

دوسری جانب پولیس اور ریاستی وکلا نے کولکتہ ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ مغربی بنگال میں مستقل حراستی مراکز موجود نہیں ہیں۔

رائٹرز کے صحافیوں نے مرشد آباد میں مشتبہ غیر ملکی تارکین وطن کے لیے قائم ایک عارضی مرکز کا بھی دورہ کیا، جہاں سخت سکیورٹی کے انتظامات موجود تھے۔

مرکز کے قریب رہنے والی موسمی رائے نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً دو ماہ قبل لوگوں کو وہاں لاتے ہوئے دیکھا تھا، جبکہ ان کے اہل خانہ باہر کھڑے رو رہے تھے۔

انسانی حقوق کے کارکن کیرتی رائے کے مطابق انتخابی فہرستوں سے نام خارج کیے جانے کے خلاف لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں اور متاثرہ افراد انصاف کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹربیونلز میں کارروائی سست ہونے کے باعث لوگوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

آسام میں بھی ملک بدری اور بے دخلی کے واقعات

بھارت میں بنگالی بولنے والے مسلمانوں کو بنگلہ دیشی شہری قرار دے کر ملک بدر کرنے کا تنازع پہلے بھی سامنے آتا رہا ہے۔

رائٹرز کی 28 جولائی 2025 کی رپورٹ کے مطابق ریاست آسام میں حکام نے ایک ماہ کے دوران تقریباً 3 ہزار 400 مسلم خاندانوں کے مکانات مسمار کیے تھے، جبکہ 2021 سے اب تک تقریباً 50 ہزار افراد کو بے دخل کیا جاچکا تھا۔

اس سے قبل جون 2025 میں آسام کے حکام نے بتایا تھا کہ ریاست میں غیر ملکی قرار دیے گئے افراد میں سے 303 کو بنگلہ دیش واپس بھیجا گیا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان کارروائیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مناسب قانونی کارروائی اور شہریت کی تصدیق کے بغیر بھارتی شہریوں کو بھی ملک بدر کیا جا رہا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed