پشاور میں محض 10 ہزار روپے کے معمولی تنازع پر شروع ہونے والی خونی دشمنی نے ایک اور گھر کا چراغ گل کر دیا، جہاں فائرنگ کے تازہ واقعے میں تیسرا سگا بھائی بھی جان کی بازی ہار گیا جبکہ اس کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ ریگی کی حدود میں پیش آیا، جہاں میاں بیوی رامداس بازار سے خریداری کے بعد موٹر سائیکل پر واپس اپنے گھر جا رہے تھے کہ گھات لگائے ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں شوہر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمی خاتون نے پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ وہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو پہچانتی ہیں اور یہ حملہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ خاتون کے مطابق اسی دشمنی کی بھینٹ چڑھ کر اس سے قبل ان کے دو دیوروں کو بھی فائرنگ کر کے قتل کیا جا چکا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 2021 میں 10 ہزار روپے کے تنازع سے شروع ہونے والی اس دشمنی میں اب تک تینوں سگے بھائی قتل ہو چکے ہیں۔ پولیس نے زخمی خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں







