(ویب ڈیسک) کویت میں ایرانی حملے کے نتیجے میں 6 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے معاملے پر امریکی فوج کے ایک افسر نے پینٹاگون کے خلاف سنگین غفلت کے الزامات عائد کرتے ہوئے کانگریس کی کمیٹیوں میں باضابطہ شکایت جمع کرا دی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے میں زندہ بچ جانے والے امریکی فوج کے میجر اسٹیفن ریمزباٹم نے ایوان نمائندگان اور سینیٹ کی مسلح افواج سے متعلق کمیٹیوں کو شکایت ارسال کی ہے، جس میں فوجی قیادت پر حملے سے قبل خطرات سے آگاہ ہونے کے باوجود مناسب حفاظتی انتظامات نہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
میجر اسٹیفن ریمزباٹم کے مطابق کویت میں واقع فوجی مرکز پر ڈرون اور میزائل حملوں سے بچاؤ کے لیے مناسب انتظامات موجود نہیں تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اعلیٰ فوجی حکام کو ممکنہ خطرات اور حفاظتی انتظامات کی کمی سے متعدد مرتبہ آگاہ کیا گیا، تاہم ان خدشات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجی مرکز کو فضائی حملوں، خصوصاً ڈرونز سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری دفاعی نظام فراہم نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس واقعے کو امریکی فوجی قیادت اور منصوبہ بندی کی ناکامی قرار دیا۔
میجر ریمزباٹم نے مزید بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والی تنصیب میں کوئی ڈاکٹر، مستقل طبی مرکز اور مناسب طبی سہولیات موجود نہیں تھیں جبکہ زخمیوں کی مدد کے لیے صرف ایک ایمبولینس دستیاب تھی۔
واضح رہے کہ یکم مارچ کو کویت میں ایرانی حملے کے نتیجے میں 6 امریکی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ یہ حملہ امریکی فوج کے لیے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی اہلکاروں کی ہلاکتوں کا سب سے مہلک واقعہ قرار دیا گیا۔







