بنگلادیش نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیا قومی ریکارڈ قائم کردیا۔ نوجوان بیٹر توحید ہریدوئے کی سنچری اور لٹن داس کے ساتھ ریکارڈ شراکت نے ٹیم کو مشکلات سے نکال دیا۔
ہریدوئے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے بنگلادیشی بیٹر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل محمود الحسن جوئے نے 2022 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان جاری میچ میں توحید ہریدوئے اور لٹن داس نے چھٹی وکٹ کے لیے 206 رنز کی شراکت قائم کی، جو جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی وکٹ پر بنگلادیش کی سب سے بڑی شراکت ہے۔
بنگلادیش نے دن کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا اور جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ابتدائی تین وکٹیں محض 22 رنز پر گنوا دیں۔
مشکلات میں گھری مہمان ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور اسکور 121 رنز تک پہنچنے پر پانچ کھلاڑی پویلین واپس جا چکے تھے۔
اس موقع پر توحید ہریدوئے اور لٹن داس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 206 رنز جوڑے اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
ہریدوئے نے 177 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 100 رنز بنائے اور جنوبی افریقا کے خلاف اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل کی، جبکہ لٹن داس نے بھی نصف سنچری اسکور کرکے اہم کردار ادا کیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 18ویں مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
بنگلادیش نے دن کے اختتام تک چھ وکٹوں کے نقصان پر 369 رنز بنا لیے، جو ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف اس کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعی اسکور ہے۔







