پشاور میں صدر ڈویژن کے تھانہ انقلاب پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے موسی زئی عمر خیل اراضیات میں ملنے والی خاتون کے پراسرار قتل کا معمہ حل کر لیا ہے۔ 19 اکتوبر 2026 کو ملنے والی اس لاش کے معاملے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان عدنان ولد غیرت اور عمر ولد محمد صابر کو حراست میں لے لیا ہے۔
مقتولہ کی شناخت (س) بی بی زوجہ سرفراز کے نام سے ہوئی تھی جو شہر کے مختلف علاقوں میں قسطوں پر کپڑے اور گھریلو سامان فروخت کرتی تھی۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کے نوٹس لینے پر ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کی نگرانی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں ڈی ایس پی مرتضی خان اور ایس ایچ او میر اعظم شامل تھے۔
پولیس ٹیم نے ہیومن انٹیلیجنس اور جدید ذرائع کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ مقتولہ ان کی خواتین کو بلیک میل کر رہی تھی جس کے انتقام میں اسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل پستول بھی برآمد کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔







