وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت رٹ پٹیشنز کی سماعت اور نئی درخواستیں دائر کرنے کا سلسلہ معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف خیبر پختونخوا بار کونسل کی کال پر پشاور سمیت صوبہ بھر میں وکلا نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا، جس کے باعث عدالتی امور متاثر ہوئے جبکہ مقدمات کی پیروی کے لیے آنے والے سائلین کو واپس لوٹنا پڑا۔خیبر پختونخوا بار کونسل کے وائس چیئرمین رفیق مہمند ایڈووکیٹ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی سردار وقار الملک اور دیگر ممبران نے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت اختیارات معطل کرنا صوبے کے عوام کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ بار کونسل نے فیصلے کے خلاف متعلقہ فورم پر رٹ پٹیشن دائر کرنے اور مقدمے میں فریق بننے کا اعلان کرتے ہوئے خصوصی وکلا پینل بھی تشکیل دے دیا ہے۔بار کونسل کے رہنماں کا کہنا تھا کہ یہ اقدام صوبے کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں منتخب حکومت کے خاتمے اور گورنر راج و ایمرجنسی کے نفاذ کی بھی مخالفت جاری رہے گی، کیونکہ ان اقدامات کے باوجود صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی نہیں آئی۔ وکلا رہنماں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔







