بانی پی ٹی آئی کو برین ہیمرج کا خطرہ’ وکلاء سے ملاقات کرانیکا حکم

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا ہے کہ جیل میں ان کے موکل کا بلڈ پریشر قابو میں نہیں ہے اور انہوں نے برین ہیمرج کے خطرے سے متعلق آگاہ کیا ہے۔ جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے وکلا کی اپنے موکلین سے ملاقات کرانے کی ہدایات جاری کردیں۔منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پائو نڈ کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کی سزائوں کے خلاف دائر اپیلوں پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی، اس دوران ملزمان کے وکلا اور نیب کے پراسیکیوٹر کے درمیان سخت عدالتی مکالمہ دیکھنے میں آیا۔سماعت کے آغاز پر وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کی جانب سے ملاقات کا حکم دئیے جانے کے باوجود آج تک ان کی موکلین سے ملاقات نہیں کرائی گئی، جس پر چیف جسٹس نے واضح کیا کہ عدالت نے ان کی نہیں بلکہ بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کا حکم دیا تھا۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے استفسار کیا کہ کیا لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے ایک دو دن میں ملاقات کروائی جا سکتی ہے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اگر راستے میں کوئی رکاوٹ ہے تو اسے دور کیا جائے۔دورانِ سماعت بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی صحت کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کی صورت حال میں کچھ بہتری آئی ہے لیکن ان کا بلڈ پریشر کنٹرول میں نہیں ہے اور انہوں نے برین ہیمرج کے خطرے سے متعلق بھی آگاہ کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بشری بی بی کی آنکھوں کی حالت انتہائی خراب ہے، ان کی آنکھ میں انجری بھی نظر آرہی ہے، اور انہیں چھ ماہ پہلے سرجری کیلئے لے جایا گیا تھا جبکہ 15 نومبر کو ان کا دوبارہ آپریشن متوقع ہے، اسلئے جیل میں ان کا علاج ممکن نہیں۔ اس لئے انہیں علاج کے لئے ضمانت دی جائے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہے اور بشری بی بی کو جیل میں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آٹھ نومبر کو بھی میڈیکل بورڈ نے ان کا چیک اپ کیا ہے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ان کی بانی پی ٹی آئی سے 7 ماہ اور بشری بی بی سے 11 ماہ بعد ملاقات ہوئی ہے اور اب انہیں اپیل پر دلائل دینے کی باقاعدہ ہدایت مل چکی ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ کیس کے پیپر بکس اور تیاری کے لیے کچھ وقت دیا جائے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی جانب سے طویل عرصے سے نیب کو بدنام کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب مزید وقت مانگا جا رہا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دگیے کہ اپیل میں ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم عدالت ملزمان کو تیاری کیلئے مناسب وقت دینے کو تیار ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دئیے کہ اپیلوں پر حتمی دلائل کا آغاز اب ناگزیر ہو چکا ہے۔عدالت نے سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے کم از کم ایک گھنٹے کی جیل ملاقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ ملاقات کا بندوبست جلد از جلد کیا جائے تاکہ آئندہ ہفتے سے اپیلوں پر باضابطہ دلائل کا آغاز کیا جا سکے، جبکہ کیس کی مزید کارروائی مقررہ لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed