چارسدہ کے علاقے شبقدر میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سلام کا جواب نہ دینے پر امام مسجد پر فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ رفعت اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 6 نومبر 2026 کو تھانہ شبقدر کی حدود اٹکی میں امام مسجد کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر زخمی کیا گیا تھا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی تھی۔ ڈی پی او چارسدہ نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی شبقدر مقدم خان اور ایس ایچ او جہانگیر خان کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
پولیس ٹیم نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم شہریار ولد صنوبر ساکن اٹکی شبقدر کو حراست میں لے لیا اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وقوعہ سے چند روز قبل اس نے امام مسجد کو سلام کیا تھا، جس کا جواب نہ ملنے پر رنجش پیدا ہوئی اور اسی رنجش کی بناء پر اس نے فائرنگ کا قدم اٹھایا۔ پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے







