امریکی ریاست پنسلوانیا سے تعلق رکھنے والی ۲۴ سالہ نوجوان خاتون رنر ریچل نیویارک سٹی میراتھن کے دوران فنش لائن کے بالکل قریب پہنچ کر اچانک گر کر جاں بحق ہو گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا اور پولیس رپورٹس کے مطابق ریچل ۲۶.۲ میل کی اس معروف دوڑ میں پہلی مرتبہ حصہ لے رہی تھیں۔ وہ اختتامی لائن سے محض دو میل کے فاصلے پر تھیں کہ اچانک گر پڑیں۔ انہیں فوری طور پر تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کئی گھنٹوں تک ان کی جان بچانے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
ریچل کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیٹی "رابڈومائلیسس” (Rhabdomyolysis) نامی ایک نایاب اور غیر معمولی طبی کیفیت کا شکار ہو گئی تھی، جس میں انسان کے جسمانی پٹھے شدید تناؤ کے باعث جلدی ٹوٹنا شروع ہو جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ ریچل نے اپنے آنجہانی دادا کی یاد میں پارکنسنز کی بیماری پر تحقیق کے لیے فنڈز اور خیراتی رقم جمع کرنے کی غرض سے اس میراتھن میں شمولیت اختیار کی تھی۔







