پشاور کی صوبائی انتظامیہ نے شہر کے اندر ٹریفک کے شدید ازدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام رکشہ، مکینیکل، ڈینٹر اور الیکٹریشن ورکشاپس کو رنگ روڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر پشاور نے رنگ روڈ پر تمام ورکشاپس کے لیے مخصوص اراضی اور جگہ کے فوری تعین کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سٹی سرکلر روڈ سمیت شہر کے گنجان آباد علاقوں اور اندرون شہر قائم یہ ورکشاپس ٹریفک کی روانی میں شدید خلل کا باعث بن رہی ہیں۔ ان کی سڑک کنارے موجودگی اور رکشوں کی بے ہنگم پارکنگ کے باعث روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انتظامیہ کے اس فیصلے کا بنیادی مقصد اندرون شہر سڑکوں کی کشادگی، ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنا اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ رنگ روڈ پر جگہ کا تعین مکمل ہوتے ہی ان تمام ورکشاپس کی باقاعدہ منتقلی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔







