پشاور میں ٹریفک کے دباؤ والے مقامات پر انڈر پاسز اور اوور ہیڈ برجز تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی ہدایت

گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے بلدیات، مواصلات و تعمیرات، زراعت اور ہاؤسنگ آصف رفیق نے پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں عوامی فلاح کے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے شہر میں ٹریفک کے شدید دباؤ، ازدحام اور روانی کے درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے جامع ماسٹر پلان تیار کرنے پر زور دیا۔

پی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مشیر بلدیات نے کہا کہ ٹریفک کی ضروریات کے مطابق رش والے مقامات پر انڈر پاسز اور اوور ہیڈ برجز کی تعمیر کے لیے عملی منصوبہ بندی کی جائے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے نے شہر کے ترقیاتی منصوبوں اور ٹریفک کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے ہشت نگری برج کی توسیع، فقیر آباد پل کو گورنمنٹ کالج چوک تک بڑھانے، رام داس بازار، جیل چوک اور شعبہ بازار چوک میں انڈر پاسز کی تعمیر کی تجاویز پیش کیں۔ علاوہ ازیں خیبر روڈ اور ٹاؤن چوک پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے موثر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر بھی غور کیا گیا۔

آصف رفیق نے ہدایت کی کہ تمام تجاویز کا تکنیکی بنیادوں پر جائزہ لے کر ترجیحات متعین کی جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کا مستقل حل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے پی ڈی اے کو شہر کی خوبصورتی، موٹروے کے قریب اور جی ٹی روڈ پر شجرکاری اور پھولوں کی کاشت پر خصوصی توجہ دینے کی بھی تاکید کی تاکہ پشاور کو ایک خوبصورت اور سرسبز شہر بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed