پشاور سے کراچی تک 1850 کلومیٹر کا انتہائی طویل اور مشکل فاصلہ محض 24 روز میں دوڑ کر طے کرنے والے قومی ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ مسعود خان کا پشاور سپورٹس کمپلیکس پہنچنے پر شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔
استقبالیہ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا واصل خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور داؤد خان، ایڈیشنل ڈی جی سپورٹس رشیدہ غزنوی، ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ، ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان اور چیف کوچ شفقت اللہ نے شرکت کی اور قومی ایتھلیٹ کو پھولوں کے ہار پہنا کر تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔

ڈی جی سپورٹس واصل خان نے مسعود خان کے اس عظیم کارنامے کو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت اور محکمہ کھیل کی جانب سے پانچ لاکھ روپے کی مالی تحائف و نقد انعام کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نومبر میں محکمہ کھیل کے زیرِ اہتمام پشاور بی آر ٹی (BRT) روٹ پر گرانڈ میراتھن ریس سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈی سی پشاور داؤد خان اور ایتھلیٹ مسعود خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کی یاد میں 90 دن کی سخت تربیت کے بعد روزانہ 70 سے 85 کلومیٹر دوڑ کر یہ سفر مکمل کیا۔ واضح رہے کہ مسعود خان اس سے قبل پشاور سے اسکردو کا 808 کلومیٹر کا فاصلہ 9 دن میں طے کر چکے ہیں جبکہ وہ ملک بھر میں 24 گولڈ میڈلز سمیت 49 میڈلز اپنے نام کر چکے ہیں۔







