پشاور ماڈل سکول بوائز تھری رنگ روڈ میں 24ویں تقریبِ اعزازِ کارکردگی کا انعقاد انتہائی جوش و خروش اور پروقار انداز میں کیا گیا جس کا مقصد تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی محنت و خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب میں طلبہ، اساتذہ اور سکول انتظامیہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر پشاور ماڈل سکولز جناب محمد اسد سیٹھی تھے جبکہ مہمانِ اعزاز محترمہ زبیریہ شیخ، پرنسپل پشاور ماڈل سکول نوشہرہ کیمپس تھیں۔ تقریب کی نظامت قاری سمیع الحق نے انجام دی جبکہ سکول کی پرنسپل محترمہ صائمہ طلعت نے تعلیمی سرگرمیوں اور ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔ تقریب کے دوران پشاور بورڈ کے سالانہ امتحانات 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے جماعت دہم کے طلبہ میں تمغے، اعزازی شیلڈز، ٹرافیاں، اسناد، لیپ ٹاپ اور دیگر تحائف تقسیم کیے گئے جبکہ جماعت نہم کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو وظائف سے نوازا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہا گیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کا ایک اہم اور قابلِ تحسین پہلو یہ تھا کہ سکول انتظامیہ نے پشاور بورڈ کے سالانہ امتحانات 2026 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔ اساتذہ میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے تاکہ ان کی محنت، پیشہ ورانہ لگن اور تعلیمی خدمات کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جناب محمد اسد سیٹھی نے طلبہ اور اساتذہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ معیاری تعلیم، مسلسل محنت، نظم و ضبط اور اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی ہی کامیاب تعلیمی مستقبل کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد پیش کی اور اساتذہ کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا۔ اس موقع پر سکول کی پرنسپل محترمہ صائمہ طلعت نے تعلیمی معیار کی بہتری، طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ادارے کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ تقریب نے اس عزم کو تقویت دی کہ تعلیمی کامیابی صرف امتحانی نتائج تک محدود نہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت سازی، کردار کی تعمیر اور مستقبل کی ذمہ داریوں کے لئے ان کی تیاری بھی یکساں اہمیت رکھتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کی گئی۔ اس پروقار تقریب نے طلبہ میں مزید آگے بڑھنے، بہتر نتائج حاصل کرنے اور تعلیمی میدان میں نئی منزلیں طے کرنے کا جذبہ پیدا کیا۔







