پاکستان کلچر ٹورازم اینڈ آرٹس آرگنائزیشن (PCTO) ایک رجسٹرڈ، غیر سرکاری، غیر سیاسی اور غیر منافع بخش تنظیم ہے، جو خیبر پختونخوا سمیت پاکستان کے ثقافتی ورثے، سیاحت، آثارِ قدیمہ، فنونِ لطیفہ، ادب، موسیقی، تھیٹر اور دیگر تخلیقی شعبوں کے فروغ اور فنکار برادری کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرمِ عمل ہے۔ ہماری تنظیم میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکار، ادیب، شاعر، دانشور اور ثقافتی شخصیات شامل ہیں۔PCTO کی جانب سے ہم گورنر خیبر پختونخوا، محترم فیصل کریم کنڈی ، سیکرٹری محکمہ ثقافت، سیاحت و آثارِ قدیمہ، ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور دیگر اعلی حکام سے مدبانہ اپیل کرتے ہیں کہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے مختص انڈومنٹ فنڈ کی بروقت ریلیز اور شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔فنکار کسی بھی معاشرے کی تہذیب، شناخت اور قومی ورثے کے حقیقی سفیر ہوتے ہیں۔ ان کی محنت، تخلیقی صلاحیتیں اور خدمات ہماری ثقافت کو زندہ رکھتی ہیں، لیکن متعدد فنکار معاشی مشکلات، علاج معالجے کے اخراجات اور دیگر بنیادی ضروریات کے حوالے سے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں فنکاروں کے لیے مختص فلاحی فنڈ کی بروقت فراہمی نہایت اہم ہے۔ہماری گزارش ہے کہ فنکاروں کے لیے مختص انڈومنٹ فنڈ کی ریلیز کے عمل کو تیز کیا جائے۔فنڈ کی تقسیم واضح پالیسی، شفاف طریق کار اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائے۔مستحق، بزرگ، بیمار اور مالی مشکلات سے دوچار فنکاروں کو ترجیح دی جائے۔فنکاروں کی حقیقی ضروریات اور شکایات کے ازالے کے لیے مثر نگرانی اور جواب دہی کا نظام قائم کیا جائے۔اس عمل میں PCTO سمیت متعلقہ رجسٹرڈ ثقافتی تنظیموں کے تجربے اور تعاون سے استفادہ کیا جائے، تاکہ مستحق فنکاروں تک امداد پہنچانے میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ ملے۔PCTO اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ فنکاروں کی فلاح و بہبود صرف مالی امداد تک محدود نہیں، بلکہ ان کی عزتِ نفس، معاشی تحفظ، علاج معالجے اور خدمات کے اعتراف کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے۔ہم گورنر خیبر پختونخوا اور تمام متعلقہ حکام سے امید رکھتے ہیں کہ وہ اس اہم معاملے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے فنکار برادری کی آواز سنیں گے اور ان کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔PCTO فنکار برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہماری آواز، ہماری ثقافت اور ہمارے فنکار ہماری پہچان ہیں۔







