ضلع کرم کے ڈپٹی کمشنر فہد وزیر کی زیرِ صدارت ان کے دفتر میں 2 نومبر 2026 سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈی پیک ریڈینس اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی ایچ او اپر کرم ڈاکٹر شمس الرحمن ڈواڑ، ڈی ایچ او لوئر و سنٹرل کرم ڈاکٹر رحیم گل، ایم ایس ڈاکٹر سید میر حسن، ایس پی پولیس فلک نواز اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں سمیت دیگر انتظامی و طبی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈی ایس او ڈاکٹر طاہر نے پولیو مہم کے لائحہ عمل اور انتظامی امور پر مفصل بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فہد وزیر نے اداروں کے درمیان باہمی رابطہ کاری کو بہتر بنانے، درپیش چیلنجز کو حل کرنے اور مہم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کے لیے اہم ہدایات دیں۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے ڈی سی کمپاؤنڈ میں بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ تقریب میں انجمن حسینیہ کے اراکین اور مقامی قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کرم نے پولیو کے خاتمے کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو لازمی قطرے پلائیں تاکہ انہیں معذوری سے بچایا جا سکے۔







