یومِ سیاہ کشمیر’ صوبہ بھر میںریلیاں’ گورنر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں نکالی گئی مرکزی ریلی کی قیادت کی۔ ریلی میں مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور، مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ، مشیر داخلہ کفایت اللہ خان، حریت رہنما داد خان یوسفزئی سمیت سرکاری افسران، ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی قبضے کے خلاف ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 27 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو اپنی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی پوری پاکستانی قوم کی طرح مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس ریلی کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے اور مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور اسلام آباد سے امن کا سفر شروع کیا گیا ہے، امید ہے کہ یہ سفر امن پر ہی اختتام پذیر ہوگا۔ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ اور ایران کے تنازعے میں ثالثی کا کردار ادا کیا۔ جب عالمی سفارت کاری ناکام ہو رہی تھی تو پاکستان نے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھارت پاکستان کو دہشت گرد ملک کے طور پر پیش کرتا رہا، لیکن اس وقت عالمی میڈیا پاکستان کو امن کے داعی ملک کے طور پر پیش کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے 72 گھنٹوں کے اندر بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور دفاعِ وطن کے دوران اپنی بھرپور دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے، اس لیے پاکستان کو پرامن راستے سے ہٹنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی فوج اپنے حق کا دفاع کرنا جانتی ہے، جبکہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ طاقت کے ذریعے بھی حل کر سکتا ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل، دکھ اور تکلیف میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کا ہر بچہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام یکجا ہوں گے اور کشمیری عوام جلد آزادی کی فضا میں سانس لے سکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed