پاکستان کے معروف، ایوارڈ یافتہ اور سینئر ہاکی کمنٹیٹر امجد عزیز ملک کی تصویر ریڈیو پاکستان پشاور کے میوزیم کی وال آف فیم پر آویزاں کر دی گئی۔ اس اعزاز کے موقع پر ریڈیو پاکستان پشاور میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے ہاکی کمنٹری کرتے ہوئے امجد عزیز ملک کی تصویر وال آف فیم پر نصب کی۔امجد عزیز ملک نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے دوران ہاکی کمنٹری کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں اور اپنی منفرد آواز، دلکش اندازِ بیان اور کھیل سے گہری وابستگی کے باعث پاکستان میں ہاکی کے شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی۔ ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان پشاور کی وال آف فیم پر ان کی تصویر کی تنصیب ان کے طویل صحافتی اور نشریاتی سفر کا ایک قابلِ فخر اعتراف ہے۔

اس موقع پر امجد عزیز ملک نے خوشی اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن میری زندگی کے خوبصورت اور یادگار دنوں میں سے ایک ہے۔ ریڈیو پاکستان سے میرا تعلق کئی دہائیوں پر محیط ہے اور اس ادارے نے مجھے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ آج اسی ادارے کے میوزیم میں میری تصویر کی تنصیب میرے لیے ایک بڑا اعزاز اور باعثِ مسرت ہے۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں محنت، لگن اور اپنے پیشے سے سچی وابستگی کا اعتراف ملنا کسی بھی شخص کے لیے باعثِ اطمینان ہوتا ہے۔ ریڈیو پاکستان پشاور کی وال آف فیم پر جگہ ملنا میرے لیے نہ صرف ذاتی اعزاز ہے بلکہ ان تمام لوگوں کی محبت اور حوصلہ افزائی کا مظہر بھی ہے جنہوں نے میرے سفر میں میرا ساتھ دیا۔امجد عزیز ملک نے اس اعزاز پر ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان پاکستان کی نشریاتی تاریخ کا ایک اہم ادارہ ہے، جس نے کھیلوں، ثقافت، ادب اور قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ان کی تصویر کی وال آف فیم پر تنصیب کو کھیلوں کی صحافت اور ہاکی کمنٹری کے شعبے میں ان کی طویل خدمات کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔







