واروک یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک نئی علمی تحقیق کے دوران گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والے انتہائی منفرد اور نایاب ستارے دریافت کیے ہیں۔ فلکیاتی اصولوں کے مطابق ستاروں کے رنگ ان کے درجہ حرارت کے مرہونِ منت ہوتے ہیں، جہاں ٹھنڈے ستارے سرخ، نارنجی اور پیلے جبکہ گرم ستارے سفید اور نیلے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم اس تازہ ترین تحقیق نے سائنسدانوں کو حیران کر دیا ہے کیونکہ ان ستاروں میں ایسے رنگ دیکھے گئے ہیں جن کا تصور اس سے قبل ممکن نہیں تھا۔
تحقیقی ٹیم نے 151 سفید چھوٹے ستاروں (White Dwarfs) کے اعداد و شمار کا جائزہ لے کر انہیں انسانی بینائی کی رنگوں کی شبیہ (سمولیشن) میں تبدیل کیا۔ نتائج کے مطابق 146 ستارے روایتی چمکدار سفید رنگ میں ہی نظر آئے، لیکن دیگر 5 ستاروں نے محققین کو شش و پنج میں ڈال دیا۔ یہ ستارے پیلے، جامنی، گلابی اور سبز جیسے غیر متوقع رنگوں میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس دریافت میں WD J1330+6435 نامی ستارے کو ممکنہ طور پر تاریخ کا پہلا سبز ستارہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ WDJ0902+2010 نامی ستارہ سفید سے گلابی رنگ اختیار کر لیتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق ان ستاروں کی یہ رنگت مستقل نہیں رہتی بلکہ ماحول اور اردگرد کی صورتحال کے ساتھ تبدیل ہوتی رہتی ہے۔







