سوئی ناردرن نے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی عارضی بندش کا اعلان کردیا، گیس کی فراہمی منگل کی رات 9 بجے سے بدھ کی صبح 5 بجے تک معطل رہے گی۔سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے بتایا کہ پشاور میں جی ٹی روڈ پر زکوری فلائی اوور کے قریب مرکزی گیس پائپ لائن منتقل کی جائے گی، جس کے باعث مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔متاثرہ علاقوں میں پشاور کینٹ، لیڈی ریڈنگ اسپتال، نوتھیہ، گلبرگ، چارسدہ روڈ، پجگی روڈ اور ملحقہ علاقے شامل ہیں۔کمپنی کے مطابق گیس کی بندش منگل 20 اکتوبر کی رات 9 بجے شروع ہوگی اور بدھ 21 اکتوبر کی صبح 5 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔کمپنی نے تمام متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کھانا پکانے اور دیگر ضروری گھریلو امور کے لیے وقت سے پہلے متبادل انتظامات مکمل کر لیں۔گیس کی فراہمی بحال ہونے پر کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے صارفین گیس کے آلات بند رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ایس این جی پی ایل حکام کا کہنا ہے کہ مرمتی کام کی تکمیل کے فورا بعد گیس کی فراہمی کا سلسلہ بحال کر دیا جائے گا۔







