ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) دیر بالا اسلم نواز کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس میں ایک پُروقار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے ممتاز مشران اور امن کمیٹی کے عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران ضلع دیر بالا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، سیکیورٹی امور، منشیات کے ناسور کے خاتمے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور درپیش مقامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر موجود مشران نے اپنے درپیش مسائل، درپیش مشکلات اور حل کے لیے مفید تجاویز ڈی پی او کے سامنے رکھیں۔ ڈی پی او اسلم نواز نے تمام شکایات کو غور سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ پولیس افسران کو ان کے فوری اور موثر حل کے لیے احکامات جاری کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او دیر بالا نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام، منشیات کی لعنت سے پاک معاشرے کی تشکیل اور عوام کے تحفظ کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان مظبوط روابط اور باہمی تعاون بے حد ضروری ہے۔ اس موقع پر امن کمیٹی کے مشران نے بھی پولیس انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ جرم کے خاتمے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔







