پشاور کے گنجان آباد علاقے یکہ توت میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کی بروقت اور کامیاب کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یکہ توت کے علاقے حافظ آباد میں بم کی موجودگی کی اطلاع پر ایس پی سٹی شاہد عدنان اور ایس ایچ او ریاض آفریدی کی قیادت میں پولیس اور بی ڈی ایس کی ٹیموں نے فوری اقدام کیا۔ بی ڈی ایس کی ماہر ٹیم نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 کلوگرام وزنی پریشر ککر بم کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا اور شہر کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ بند مکان پانچ سے چھ ماہ قبل ایک افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا۔ مکان میں تعمیری کام کے سلسلے میں جب اسے کھولا گیا تو اندر مشکوک پریشر ککر موجود تھا، جس کی فوراً پولیس کو اطلاع دی گئی۔ اس واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت اقدام پر پشاور پولیس اور بی ڈی ایس اسکواڈ کو خصوصی شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے گنجان آباد علاقے میں دہشت گردی کی سازش ناکام بنا کر درجنوں قیمتی جانیں بچائی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف مضبوط دیوار بن کر کھڑی ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔







