دیر کالونی سکول حادثہ: وفاقی وزیر امیر مقام کا معاوضہ دوگنا کرنے اور سرکاری سکول تعمیر کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے پشاور کی دیر کالونی میں نجی سکول کی عمارت گرنے کے سانحے کے بعد جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کی رقم دوگنی کرنے، واقعے کی جلد تحقیقات اور علاقے میں نیا سرکاری سکول قائم کرنے کے اہم اعلانات کیے۔

وفاقی وزیر نے دورے کے دوران جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور اپنی جانب سے، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے دلی تعزیت اور غمخواری کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید بچوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ انتہائی دردناک اور قابلِ افسوس ہے۔ گارڈر کے سہارے اتنی بڑی عمارت کی تعمیر اور اس کی دیکھ بھال نہ ہونا سنگین لاپرواہی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اس واقعے کی فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ ایسی غیر محفوظ عمارت بنانے کی اجازت کس نے دی تھی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تحقیقات جلد مکمل کر کے ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے اعلان کردہ مالی امداد کی رقم کو بڑھا کر دوگنا کیا جائے گا۔ مقامی آبادی کی جانب سے علاقے میں سرکاری سکول کی عدم دستیابی کا مسئلہ اٹھائے جانے پر انہوں نے فوری طور پر وہاں ایک نیا سرکاری سکول تعمیر کرنے کا باقاعدہ اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے دیگر تمام درپیش مسائل کا ازالہ کر کے عوام کا احساسِ محرومی ختم کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed