مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور نے سوشل میڈیا پر صحت کارڈ کے خاتمے سے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں کی شدید تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان سے منسوب بیان میں کوئی سچائی نہیں اور اسی طرح پروفیسر ڈاکٹر نوشیروان برکی کی ٹرمینیشن کا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفکیشن بھی مکمل طور پر جعلی ہے۔
ثمر ہارون بلور نے اپنے بیان میں کہا کہ چند منفی عناصر صحت کارڈ پروگرام کے حوالے سے سنسنی خیز پروپیگنڈا پھیلانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ حکومت کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی، بلکہ خیبر پختونخوا کے عوام کی بلاامتیاز خدمت اور حکومتی امور میں شفافیت ہی ان کی بنیادی ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مفاد اور فلاح و بہبود کے تمام منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔ تاہم اگر کسی بھی شعبے میں بے ضابطگی یا غفلت کے شواہد سامنے آئے تو بلاامتیاز احتساب کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔







