ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس جہانزیب نذیر خان نے بطور 36ویں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ہزارہ اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ ایبٹ آباد آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں پیشہ ورانہ انداز میں سلامی پیش کی۔
عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد آر پی او ہزارہ نے ریجنل پولیس آفس کے عملے کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام افسران اور اہلکاروں سے فرداً فرداً تعارف حاصل کیا اور دفتری امور، متعلقہ شعبہ جات اور ان کی روزمرہ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی آگاہی حاصل کی۔
تعارفی میٹنگ کے دوران عملے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی جہانزیب نذیر خان نے زور دیا کہ پولیس ڈپارٹمنٹ میں نظم و ضبط، محنت، باہمی ہم آہنگی اور سچائی کو بنیادی حثیت حاصل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اہلکار اور افسران اپنے تمام تر فرائض مکمل ایمانداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ انجام دیں تاکہ دفتری نظام میں زیادہ شفافیت، بہتری اور اثر پذیری قائم کی جا سکے۔







