گائوں بادیزئی میں یونیسف کے تعاون سے جاری مثالی گائوں منصوبے کے تحت بچوں کے حقوق کے تحفظ، نوجوانوں اور نوعمر افراد کی شمولیت، تعلیم، صحت، صفائی اور کمیونٹی کی ترقی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقے کے بنیادی مسائل کے حل اور بچوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے متعدد اہم تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں یونیسف ویلفیئر کے بلال برکی، الیاس خان، چائلڈ پروٹیکشن کمیشن کے محمد عاصم خان، چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی بادیزئی کے صدر فرحان خلیل اور جنرل سیکرٹری عامر اللہ خلیل سمیت محلہ شیخان، تورخیل، گوجران اور میانہ کے عمائدین، نوجوانوں اور نوعمر افراد نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چاروں محلوں کے نمائندوں نے اپنے علاقوں کو درپیش اجتماعی مسائل اور بنیادی ضروریات سے شرکا کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر گاں میں فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد، صفائی ستھرائی کے بہتر انتظام، بچوں کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے، پرائمری سکول میں مزید تعمیرات اور سہولیات کی فراہمی، گرلز ہائی سکول کے قیام اور گرلز سکول میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے سمیت مختلف اہم تجاویز پیش کی گئیں۔شرکا نے کہا کہ گاں میں غریب اور مستحق خاندانوں کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے باقاعدگی سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ کیمپ میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کے طبی معائنے کے ساتھ ساتھ ضروری ادویات کی فراہمی کا بھی انتظام کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو علاج معالجے کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔اجلاس میں گاں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظام پر بھی گفتگو کی گئی۔ شرکا نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول بچوں اور عوام کی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، اس لیے گلی محلوں، سکولوں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی کے لیے باقاعدہ انتظام کیا جائے اور مقامی سطح پر صفائی کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے۔بچوں کے تحفظ کے حوالے سے شرکا نے علاقے میں خصوصی چائلڈ پروٹیکشن آگاہی مہم شروع کرنے کی تجویز پیش کی۔ اس مہم کے ذریعے والدین، بچوں اور کمیونٹی کے افراد کو بچوں کے بنیادی حقوق، تحفظ، تعلیم، تشدد سے بچا، کم عمری کی شادی، بچوں سے مشقت اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔اجلاس میں تعلیم کے مسائل کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی۔ شرکا نے بادیزئی کے پرائمری سکول میں مزید تعمیرات اور ضروری سہولیات کی فراہمی کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکول میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اضافی کمروں اور دیگر بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کو بہتر اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔







