راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اسٹاف نرس پر تشدد کے مقدمے میں عدالت نے ملزمہ زربینہ بی بی کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قاسم جاوید نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ کو سات روز کے اندر 30 ہزار روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ نرس اور ملزمہ کے درمیان جھگڑے کی بنیاد پر خاتون کو گرفتار کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
مقدمے کے مطابق زربینہ بی بی راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج ایک مریضہ کی رشتہ دار تھی۔ علاج معالجے کے معاملے پر اس کا اسٹاف نرس ستارہ سلیم کے ساتھ جھگڑا ہوگیا تھا۔
اسٹاف نرس ستارہ سلیم نے ملزمہ کے خلاف تشدد کرنے اور کپڑے پھاڑنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا۔ زربینہ بی بی نے اس مقدمے میں پہلے ہی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی، جسے عدالت نے اب کنفرم کر دیا ہے۔
مقدمے کی سماعت کے موقع پر اسٹاف نرس ستارہ سلیم بھی عدالت میں موجود تھیں۔







