یونان سے 40 پاکستانی ڈی پورٹ، خصوصی پرواز سے اسلام آباد پہنچا دیے گئے

راولپنڈی: یونان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے 40 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کرکے خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔

حکام کے مطابق ڈی پورٹ کیے گئے افراد کا تعلق منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے، جبکہ ان میں اسلام آباد کا صرف ایک شہری شامل ہے۔ یہ تمام افراد لیبیا کے راستے غیر قانونی طور پر یونان پہنچے تھے، جہاں انہیں مختلف حراستی مراکز میں رکھا گیا تھا۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے تمام ڈی پورٹیز کے معاملات کا الگ الگ جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق ان میں سے زیادہ تر افراد قانونی طور پر فضائی راستوں سے پاکستان سے بیرون ملک گئے تھے، تاہم بعد میں غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کے دوران پکڑے گئے۔

حکام نے بتایا کہ ڈی پورٹ کیے گئے افراد سے ان کے متعلقہ علاقوں میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیلز تحقیقات کریں گے۔ تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی مدد سے مبینہ سہولت کاروں کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک سفر کے لیے مستند ذرائع سے سفری دستاویزات حاصل کریں اور غیر قانونی راستے اختیار کرنے سے گریز کریں۔

حکام کے مطابق ملک کے ہوائی اڈوں پر جانچ پڑتال کا عمل سختی سے جاری ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر ایف آئی اے کے پری ویریفکیشن کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں مسافر سفر سے قبل اپنی سفری دستاویزات کی تصدیق کروا سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed