ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں مختلف واقعات کے دوران دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعات میں فائرنگ اور ٹریفک حادثہ شامل ہیں، جبکہ بیرونِ ملک جاتے ہوئے جاں بحق ہونیوالے جمرود کے رہائشی کی میت بھی آبائی علاقے پہنچا دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ جمرود کی حدود شاہ کس، قدم جلال الدین اٹھاری کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خیبر پولیس کا حاضر سروس اہلکار کامران خان شہید ہوگیا۔ وہ گھر سے ڈیوٹی کے لیے شاہ کس میں واقع لیوی سنٹر، ڈی پی او آفس جا رہا تھا کہ راستے میں فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔دوسرے واقعے میں جمرود کے علاقے غنڈی سخی پل میں گزشتہ رات نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چارسدہ سے تعلق رکھنے والا پولیس اہلکار بہادر شاہ ولد محمد اکبر جاں بحق ہوگیا۔ اس کی لاش آج صبح جمرود کے علاقے غنڈی سے برآمد ہوئی، جسے پولیس نے ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے جمرود اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ادھر جمرود کے رہائشی بابر ضیا آفریدی بیرونِ ملک یورپ جاتے ہوئے راستے میں جاں بحق ہوگئے تھے، جن کی میت ان کے آبائی علاقے جمرود پہنچا دی گئی۔اسی طرح جمرود کے علاقے غنڈی سے تعلق رکھنے والے مبین آفریدی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے، جن کی لاش گھر منتقل کردی گئی ہے۔ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں پیش آنے والے ان مختلف واقعات کے باعث مجموعی طور پر 4افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو حاضر سروس پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔







