سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک وائرل ویڈیو کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو میں دکھایا گیا واقعہ پشاور کا نہیں اور شہر میں اس نوعیت کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
پولیس کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے اہلکار 27 ستمبر کو ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔ مذکورہ ویڈیو کو غلط معلومات اور گمراہ کن تناظر کے ساتھ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا جا رہا ہے۔
سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی خبر، ویڈیو یا اطلاع کو آگے شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے عوام میں بے چینی اور غلط فہمیاں پیدا ہو سکتی ہیں، اس لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف مستند معلومات پر اعتماد کیا جائے۔







