مردان پولیس کی جانب سے مردان بورڈ کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور ان کے اہلِ خانہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی میدان میں ان کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب کے آغاز پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو اعزازی گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں ڈی پی او مردان مسعود احمد نے طلبہ سے ملاقات کی، ان کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا اور انہیں شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او مسعود احمد نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی رہنمائی و حوصلہ افزائی معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ دیگر نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ مردان پولیس باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور پولیس و عوام کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے کے لیے آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔






