پاکستانی شطرنج ٹیم نے سمرقند میں منعقدہ ورلڈ چیس اولمپیاڈ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کر لیا اور دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم سربلند کر دیا۔ اس شاندار فتح کے ساتھ پاکستان نے عالمی شطرنج درجہ بندی میں 29 درجات کی نمایاں بہتری بھی حاصل کی ہے۔
ٹورنامنٹ کی کیٹیگری ڈی میں پاکستان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سیشلز، سان مارینو، کیمن آئی لینڈز اور ایل سلواڈور جیسی ٹیموں کو شکست دے کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا۔ ایونٹ کے دوران پاکستان کا مقابلہ مصر اور یمن کے خلاف برابر رہا، جبکہ اسے کولمبیا اور جنوبی افریقا کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی اوپن ٹیم نے مجموعی طور پر اولمپیاڈ میں 12 میچ پوائنٹس اور 162 گیم پوائنٹس اپنے نام کیے۔
چیس فیڈریشن پاکستان کے صدر ذیشان نقوی نے اختتامی تقریب میں شرکت کی اور فاتح ٹیم کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سرپرستی اور تعاون سے شطرنج کے کھیل میں مزید کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں اور ملک بھر میں اس کھیل کو فروغ دینے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔







