کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اسلام آباد کے شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لیے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق جدید اور ماحول دوست بسوں کے ذریعے شہریوں اور سیاحوں کو وفاقی دارالحکومت کے مختلف تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کی سیر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں اسلام آباد کے 15 سے زائد اہم مقامات کو آپس میں منسلک کریں گی۔ مجوزہ روٹ میں لیک ویو پارک، شکرپڑیاں، پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد، دامنِ کوہ اور ڈی چوک شامل ہیں۔
سی ڈی اے کے مطابق ڈبل ڈیکر بس سروس شہریوں اور سیاحوں کو اسلام آباد کے خوبصورت مناظر دیکھنے کا نیا موقع فراہم کرے گی اور دارالحکومت کی سیر کو ایک منفرد انداز دے گی۔
انتظامیہ کے مطابق الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں میں 90 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔ شہریوں اور سیاحوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا سی ڈی اے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اسلام آباد کو مزید پرکشش اور سیاح دوست دارالحکومت کے طور پر فروغ دینا ہے۔







