پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پیسکو چیف اختر حمید خان اور ہیڈ آف گرڈ اسٹیشن حبیب الرحمان خان نے ملاقات کی۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران صوبے میں بجلی کی فراہمی، گرڈ اسٹیشنز اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں واپڈا حکام نے جنوبی اضلاع میں بجلی کی لائنوں اور پولز کی تنصیب کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے گورنر خیبرپختونخوا کو آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ بجلی کے ٹرانسفارمرز، لائنوں اور دیگر سامان کی چوری اور اس سے پیدا ہونے والی قانونی پیچیدگیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے بند کورائی گرڈ اسٹیشن کے افتتاح سے متعلق امور اور ڈیرہ اسماعیل خان گرڈ ٹو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے بھی گورنر کو آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران سرکل ٹریننگ سنٹر کے ڈیرہ اسماعیل خان میں قیام کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، جسے گورنر فیصل کریم کنڈی نے انتہائی ضروری قرار دیا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے واپڈا اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ دوستانہ اور ہمدردانہ رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور پہاڑ پور کے عوامی مسائل کو مدنظر رکھنے اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔







