لاہور میں ٹرینوں کے اندر بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کی چیکنگ کے معاملے پر پاکستان ریلویز کی انتظامیہ اور ریلوے پولیس کے درمیان اختیارات کا تنازع پیدا ہو گیا ہے۔ تنازع کی بنیاد آئی جی ریلوے پولیس فخر سلطان کا وہ حکم بنا جس میں انہوں نے پولیس اہلکاروں کو مسافروں کے ٹکٹ چیک کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد اے آئی جی آپریشنز کی جانب سے 17 ستمبر کو ایک باقاعدہ سرکلر بھی جاری کیا گیا۔
مذکورہ سرکلر کے مطابق ریلوے پولیس کے تمام ایس ایچ اوز کو پہلی شفٹ جبکہ ایڈیشنل ایس ایچ اوز کو دوسری شفٹ میں ٹرینوں میں ٹکٹوں کی چیکنگ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے چیف کمرشل منیجر ریلویز نے پولیس حکام کو ایک مراسلہ ارسال کیا، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ قانون کے مطابق پولیس کو مسافروں کے ٹکٹ چیک کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں ہے۔ چیف کمرشل آفیسر کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی جانچ پڑتال کرنا ریلوے پولیس کی ملازمت کا حصہ نہیں بلکہ ان کی بنیادی ذمہ داری صرف ٹکٹ چیکنگ اسٹاف کو سیکیورٹی اور معاونت فراہم کرنا ہے۔







