بلوچستان کے علاقے مند میں مسلح افراد نے کسٹمز اسٹیشن پر اچانک حملہ کر کے دفتر کو آگ کے حوالے کر دیا۔ پاکستان کسٹمز کے حکام کے مطابق اس فائرنگ اور حملے کے نتیجے میں کسٹمز کا ایک سپاہی، محمد سراج، شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کے فوری بعد زخمی اہلکار کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال تربت منتقل کیا گیا، تاہم ان کی تشویشناک حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے بعد میں علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق کسٹمز کی جانب سے علاقے میں کی جانے والی حالیہ انفورسمنٹ کارروائیوں اور کریک ڈاؤن کے بعد سے اہلکاروں کو متواتر دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں، جس کے بعد یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔







