گلبہار نمبر 4میں مکی مسجد کے ساتھ واقع گلی کی سڑک کی تعمیر کا کام دوبارہ روک دیے جانے پر اہل علاقہ نے شدید تشویش اور احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اہل علاقہ کے مطابق مذکورہ سڑک کی تعمیر کے لیے حکومت کی جانب سے فنڈز بھی منظور کیے گئے تھے جبکہ سڑک کی تعمیر کے سلسلے میں ابتدائی کام کے طور پر تارکول بچھانے کے لیے سڑک پر سپرے بھی کیا گیا اور تارکول بھی موقع پر لانے کی تیاری کی گئی تاہم بعض افراد کی جانب سے مبینہ طور پر تعمیراتی کام رکوا دیا گیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گلی میں چند افراد اپنے گھروں کی سڑک سے نیچے سطح کے باعث سڑک کی تعمیر کی مخالفت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پورے محلے کے مکین مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی ایک یا دو گھروں کی سطح سڑک سے کم رہ جاتی ہے تو اس کا خمیازہ پورے علاقے کے لوگوں کو نہیں بھگتنا چاہیے۔
اہل علاقہ کے مطابق سڑک کی خستہ حالی کے باعث آمدورفت شدید متاثر ہے اور رکشہ و ٹیکسی ڈرائیور بھی اس گلی میں جانے سے گریز کرتے ہیں جبکہ بعض اوقات سواری کو گلی تک پہنچانے کے لیے معمول سے دوگنا کرایہ طلب کیا جاتا ہے۔ بارش اور خراب موسم میں صورتحال مزید سنگین ہوجاتی ہے اور مکینوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اہلیان گلبہار نمبر 4نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چند افراد کے ذاتی مسئلے کی وجہ سے پورے محلے کی سڑک کی تعمیر کا منصوبہ متاثر نہ ہونے دیا جائے، سڑک پر فوری طور پر تارکول ڈال کر اسے مکمل کیا جائے اور اہل علاقہ کو طویل عرصے سے درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے۔
گلبہار نمبر 4 کی سڑک پر تعمیر کا کام روکنے پر اہل علاقہ سراپا احتجاج







