سابق آئی جی خیبرپختونخوا دل جان خان مروت انتقال کرگئے

محمد زبیر مروت

سابق آئی جی پی خیبرپختونخوا پولیس اور سابق کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری دل جان خان مروت بیگو خیل 92سال کی عمر میں وفات پاگئے ، ان کی نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پڑھائی جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران سیاسی اور قبیلے سمیت مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے کثر تعداد میں شرکت کی، سابق انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ، سابق وفاقی سیکریٹری داخلہ ،اور سابق کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری رہ چکے ہیں ، دل جان خان مروت پاکستان پولیس سروس کے ایک ممتاز ، باصلاحیت اور تجربہ کار افسر تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی ملک و قوم کی خدمت ، نظم و ضبط ، دیانت داری اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کے ساتھ گزاری ، اِن کا تعلق ضلع لکی مروت کی معزز مروت قوم سے تھا

پولیس ، وفاقی انتظامیہ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والی نمایاں شخصیات میں اِن کا شمار ہوتا تھا وہ 11نومبر 1934کو ضلع لکی مروت کے گائوں بیگو خیل میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے بیچلر آف آرٹس ،بیچلر آف لاز (LL.Bاور ماسٹر آف آرٹس پولیٹیکل سائنس میں تعلیم حاصل کی،دل جان خان مروت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری جیسے اہم ادارے کی قیادت کی ،بطورِ کمانڈنٹ انہوں نے فورس کی انتظامی نگرانی ، امن و امان کے قیام اور سرحدی علاقوں کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا ،بطورِ صوبائی پولیس سربراہ انہوں نے پولیس کے نظام کو مضبوط بنانے ، پیشہ ورانہ نظم و ضبط قائم رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے گراںِ قدر خدمات انجام دیں ،بطور وفاقی سیکریٹری داخلہ پاکستان انہوں نے وزارتِ داخلہ کے اہم معاملات، داخلی سلامتی، امن و امان اور قومی اہمیت کے امور کی مئوثر نگرانی کی ، بطور وفاقی سیکریٹری وزارتِ ریاستیں و سرحدی امور (SAFRON)انہوں نے سرحدی علاقوں اور متعلقہ انتظامی معاملات میں اہم قومی ذمہ داریاں نبھائیں ،وہ انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈ (INCB)جیسے عالمی ادارے کے رکن اور نائب صدر بھی رہے، جہاں انہوں نے منشیات کے عالمی کنٹرول اور بین الاقوامی تعاون کے معاملات میں پاکستان کی مئوثر نمائندگی کی ،دل جان خان مروت ایک اصول پسند ، دیانت دار ، باوقار اور بہترین منتظم تھے ، اِن کی خدمات کا دائرہ پولیس سے لے کر وفاقی حکومت اور بین الاقوامی اداروں تک پھیلا ہوا تھا ، وہ ہمیشہ میرٹ ، انصاف اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے تھے ، انہیں ایک مثبت سوچ رکھنے والی ، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے والی اور اپنے علاقے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا رہے گا ،اپنے دورِ خدمت میں انہوں نے ضلع لکی مروت اور خصوصاً مروت قوم کے متعدد نوجوانوں کی سرکاری ملازمتوں اور بہتر مستقبل کے لیے رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ، ان کی شخصیت اخلاص ، فرض شناسی ، اعلی کردار اور قومی خدمت کی علامت تھی ، اِن کی زندگی آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ محنت ، دیانت اور خلوص کے ذریعے نہ صرف اعلی مقام حاصل کیا جا سکتا ہے بلکہ اپنی قوم اور ملک کی مثر خدمت بھی کی جا سکتی ہے ،ضلع لکی مروت کے لیے یہ باعثِ فخر ہے کہ اِس سرزمین نے دل جان خان مروت جیسی عظیم شخصیت کو جنم دیا ، جنہوں نے پاکستان کے اعلی انتظامی ، پولیس اور بین الاقوامی اداروں میں نمایاں خدمات انجام دے کر اپنے علاقے ، قوم اور ملک کا نام روشن کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed