شانگلہ شہتوت میں رہائشی مکان میں آتشزدگی، دو منزلہ گھر خاکستر، لاکھوں روپے کا نقصان۔حکومت اور مخیر حضرات مدد کریں متاثرین کی اپیل۔شانگلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر الپوری کے علاقے شہتوت کلے میں ایک رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے دو منزلہ مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا جبکہ گھر میں موجود قیمتی سامان، فرنیچر اور دیگر گھریلو اشیاء جل کر راکھ بن گئیں جس کے باعث متاثرہ خاندان کو لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ بشیر خاطر نامی شخص کے رہائشی مکان میں اچانک آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور مکان کی دونوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھ کر اہل علاقہ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی۔مقامی افراد کی جانب سے مسلسل کوششوں کے باوجود آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث مکان کو شدید نقصان پہنچا اور دونوں منزلیں مکمل طور پر جل گئیں۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اگ لگنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی جبکہ متاثرہ خاندان کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں گھر کا قیمتی سامان بھی جل کر تباہ ہوگیا ہے اور مجموعی مالی نقصان لاکھوں روپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔واقعے کے بعد متاثرہ خاندان شدید پریشانی سے دوچار ہے جبکہ اہل علاقہ نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ دور دراز علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے فائر بریگیڈ اور ریسکیو سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ ایسے واقعات میں بروقت کارروائی کرکے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات سے بچا جا سکے۔







