ماحولیاتی تحفظ اور جنگلات کے پائیدار انتظام کے سلسلے میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفیسر مانسہرہ محمد حنیف کو تعریفی سند اور اعزاز سے نواز دیا گیا۔اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن سید حبیب الحسن گیلانی نے محمد حنیف کو تعریفی سند پیش کی۔محکمہ کی جانب سے محمد حنیف کی غیر معمولی لگن، مؤثر عوامی رابطہ کاری اور جنگلات کے تحفظ و پائیدار انتظام کے لیے خدمات کو سراہا گیا۔ حکام نے کہا کہ قدرتی وسائل اور جنگلات کے تحفظ کے لیے مقامی آبادی کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقع پر محمد حنیف کی جانب سے مقامی کمیونٹی اور محکمہ جنگلات کے درمیان رابطے کو مؤثر بنانے اور عوام کو جنگلات کے تحفظ کی سرگرمیوں میں شریک کرنے کے اقدامات کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔حکام کا کہنا تھا کہ عوامی شمولیت کے ذریعے جنگلات کے تحفظ اور ماحولیاتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے، جبکہ ضلع مانسہرہ میں پائیدار جنگلاتی انتظام اور سرسبز اقدامات کے فروغ میں کمیونٹی کی فعال شرکت کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔







