دیامر میں گلیشیئر پھٹنے سے اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچادی ، ریلے میں بہہ کر درجنوں مویشی ہلاک ہوگئے۔تفصیل کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں چلاس کے علاقے بونر نالہ میں گزشتہ رات گلیشیئر پھٹنے کی وجہ سے تباہ کن سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔اچانک آنے والے سیلابی ریلے کی زد میں آ کر بڑے پیمانے پر تباہی مچی ہے اور مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔پولیس اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیلابی ریلے میں بہہ کر درجنوں مال مویشی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متعدد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ .اس ناگہانی آفت کے باعث مقامی افراد کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔علاقے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور متاثرہ افراد نے حکومت و انتظامیہ سے فوری طور پر ریکیوں اور امدادی کارروائیاں شروع کرنے کا شدید مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔







