ضیاء الاسلام
وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی پانچ سالہ آیت نور کے گھر تعزیت کے لیے آمد، 5سالہ بچی سے تو صرف پیار کیا جاتا ہے آیت نور کو انصاف ضرور ملے گا، سہیل آفریدی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے وزیراعلی محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ آیت نور کے اہل خانہ کے غم میں پورا پاکستان شریک ہے اور اس المناک واقعے پر سب غمزدہ اور رنجیدہ ہیں وزیراعلی نے کہا کہ آیت نور کے ساتھ ظلم کرنے والے عناصر کو انشا اللہ عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آیت نور کو واپس نہیں لایا جا سکتا، تاہم حکومت ہر ممکن تعاون کے ذریعے خاندان کے غم کو کم کرنے کی کوشش کرے گی انہوں نے ایک کروڑ کا چیک آیت نور کے والد کے حوالے کیا اور انہیں ڈپٹی کمشنر آفس میں سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو واضح احکامات دے چکے ہیں کہ واقعے کی تحقیقات اور کارروائی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث تمام عناصر کے خلاف سخت سے سخت سزا دی جائے گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ وزیراعلی محمد سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ چائلڈ پروٹیکشن قانون کو مزید موثر اور سخت بنایا جائے گا۔ انہوں نے عدالتوں سے بھی اپیل کی کہ بچوں کے خلاف اس نوعیت کے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو کسی قسم کا ریلیف نہ دیا جائے کیونکہ ایسے عناصر کو ریلیف ملنے سے معاشرے میں بچوں کے تحفظ کے حوالے سے مزید خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ وزیراعلی محمد سہیل آفریدی نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر ممکن حکومتی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔







