سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ریاض ایئر نے پاکستان میں باقاعدہ فضائی آپریشن کا آغاز کردیا۔ ایئرلائن کی پہلی پرواز گزشتہ شام اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جس کے ساتھ ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ایک نئے براہ راست فضائی رابطے کا آغاز ہوگیا۔ریاض ایئر کی پرواز آر ایکس 660 میں 69 مسافر سوار تھے۔ طیارے کی آمد پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا، جس کے بعد مسافروں کو ٹرمینل منتقل کیا گیا۔ریاض ایئر کی پاکستان میں آمد کے موقع پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر افتتاحی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، اعلی سرکاری حکام اور ریاض ایئر کی انتظامیہ نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ نئی فضائی سروس پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گی اور براہ راست فضائی رابطے میں اضافے سے دونوں ملکوں کے درمیان سفر مزید آسان ہوگا۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے بھی ریاض ایئر کا پاکستان میں خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی فضائی سروس سے دونوں ملکوں کے درمیان مسافروں کی آمدورفت میں سہولت پیدا ہوگی اور ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مواقع پیدا ہوں گے۔افتتاحی تقریب میں ربن کاٹنے اور کیک کاٹنے کی تقریبات بھی ہوئیں۔ اس موقع پر ریاض ایئر کی انتظامیہ نے پاکستان میں مستقبل میں اپنی سرگرمیوں اور آپریشنز کو مزید وسعت دینے کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ریاض ایئر ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ہفتے میں سات پروازیں چلائے گی۔ اس طرح دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو براہ راست فضائی سفر کے ل لئے ایک اور آپشن دستیاب ہوگا۔ ہفتے کے ساتوں دن پروازوں کی دستیابی سے مسافروں کو اپنے سفر کی منصوبہ بندی میں بھی زیادہ سہولت مل سکتی ہے۔افتتاحی تقریب کے بعد ریاض ایئر کی پرواز آر ایکس 660 اسلام آباد سے ریاض کیلئے روانہ ہوگئی۔ واپسی کی پرواز میں 272 مسافر سوار تھے۔







