شعیب جمیل
انصاف لائرزفورم خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر اور ممبر خیبر پختونخوا بارکونسل علی زمان ایڈوکیٹ نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی و اطلاعاتی مرکز چائنہ ونڈو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرکز کی مختلف ثقافتی، تاریخی، تعلیمی اور معلوماتی گیلریوں کا معائنہ کیا اور چین کی ترقی، ثقافت، تاریخ اور پاک چین دوستی سے متعلق نمائشوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔چائنہ ونڈو کے منتظمین نے معزز مہمان کو مرکز کے قیام، اغراض و مقاصد اور پاک چین عوامی روابط کو مستحکم بنانے کے لیے جاری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہیں بتایا گیا کہ چائنہ ونڈو پشاور میں چینی ثقافت کو متعارف کرانے، سی پیک سے متعلق آگاہی پیدا کرنے، نوجوانوں کو چینی زبان سکھانے اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و تعلیمی روابط کو فروغ دینے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، علی زمان ایڈوکیٹ نے کہاکہ چائنہ ونڈو پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میںاہم کرادار ادا کررہاہے ، پاکستانی عوام کو بھی چین کی کامیابیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا چاہئے کیونکہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں اپنی مضبوطی ثابت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کی معاشی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی خوش حالی کے لیے قابلِ قدر تعاون کیا ہے، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے روشن اور خوش حال مستقبل کی ضمانت ہے۔علی زمان ایڈوکیٹ نے چائنہ ونڈو کو پشاور میں پاک چین دوستی کا ایک منفرد اور موثر مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے، ثقافتی ہم آہنگی پیدا کرنے اور نوجوان نسل کو پاک چین تعلقات کی اہمیت سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے چائنہ ونڈو کی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے کی جانے والی ایسی مثبت سرگرمیوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔







