جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کا فکری اور نظریاتی شجرہ رسول اللہ ۖ کی تعلیمات، قرآن و سنت اور آپ ۖ کے قول و فعل سے جڑا ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے جمعیت علمائے اسلام کے قدیم مرکز جامعہ عثمانیہ مریالی کا دورہ کیا، جہاں جامعہ کی مجلس شوری، اساتذہ اور طلبہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے مجلس شوری، اساتذہ اور طلبہ سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کا قیام ایک عظیم نظریے کی بنیاد پر عمل میں آیا، جس کا مقصد اللہ تعالی کی زمین پر قرآن و سنت کے مطابق اللہ اور اس کے رسول ۖ کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس جماعت کی بنیاد قرآن و سنت اور رسول اللہ ۖ کی تعلیمات پر رکھی گئی ہو، اس کے مقصد اور کاز کے لیے کام کرنا محض سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ اللہ تعالی کی رضا کے لیے ایک خالص دینی اور ملی فریضہ ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے بانی اکابرین نے اللہ تعالی اور اس کے رسول ۖ کے احکامات کو سامنے رکھتے ہوئے اس جماعت کی بنیاد رکھی، اسی لیے جمعیت علمائے اسلام دیگر جماعتوں سے ممتاز حیثیت رکھتی ہے اور اس کا فکری و عملی تسلسل رسول اللہ ۖ کی تعلیمات سے وابستہ ہے۔انہوں نے جامعہ عثمانیہ مریالی کی دینی، تعلیمی اور انتظامی ترقی کو سراہتے ہوئے اس کی شب و روز ترقی پر خوشی کا اظہار کیا۔جامعہ کے مہتمم اور جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹری مولانا قاری محمد عمیر فاروقی نے مولانا فضل الرحمن کی جامعہ آمد پر ان کا دلی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے جامعہ میں زیرِ تعمیر دارالحدیث کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی اور اساتذہ کرام سے ملاقات کی۔جامعہ کی مجلس شوری نے مولانا فضل الرحمن کی آمد کو ادارے کے لیے باعثِ اعزاز قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی رہنمائی سے جامعہ کی دینی و تعلیمی خدمات مزید فروغ پائیں گی۔







