محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے گندم کے اجرا سے قبل تمام فلور ملز اور ڈیلرز کے لیے آئی سی ٹی ایپلی کیشن میں آن لائن لازمی اندراج مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔محکمہ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تقاضے پورے نہ کرنے والی کسی بھی فلور مل یا رجسٹرڈ ڈیلر کو سرکاری گندم جاری نہیں کی جائے گی۔ڈائریکٹر فوڈ خیبرپختونخوا کی جانب سے تمام ضلعی فوڈ کنٹرولرز اور راشننگ کنٹرولر پشاور کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گندم کی قلت کے پیش نظر حکومت نے سرکاری گندم کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ نئی گندم اجرا پالیسی بھی زیر تکمیل ہے۔مراسلے کے مطابق شفافیت، احتساب اور حکومتی ہدایات پر مثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام فلور ملز اور رجسٹرڈ ڈیلرز کو آئی سی ٹی ایپلی کیشن میں اپنی مکمل معلومات اور ٹرانزیکشن ریکارڈ بروقت اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔محکمہ خوراک نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ متعدد فلور ملز اور رجسٹرڈ ڈیلرز تاحال اپنی لازمی معلومات اور ٹرانزیکشن کی تفصیلات آئی سی ٹی سسٹم میں درج نہیں کر سکے۔محکمہ خوراک نے اضلاع کی سطح پر ایسی فلور ملز اور رجسٹرڈ ڈیلرز کی فہرست متعلقہ افسران کو ارسال کر دی ہے، جن کا ریکارڈ ابھی تک مکمل نہیں ہوا، تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز فوڈ اور ضلعی فوڈ کنٹرولرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذاتی طور پر آئی سی ٹی ریکارڈ کی نگرانی کریں اور صرف ان ملوں کی سفارش کریں جو تمام قواعد و ضوابط پر مکمل عمل کر رہے ہوں۔







