ڈسٹرکٹ کونسل ہال پشاور میں انسدادِ بدعنوانی کے موضوع پر سیمینار

صوبائی دارالحکومت پشاور میں بدعنوانی کے خاتمے، شفاف طرزِ حکمرانی، قانون کی بالادستی اور عوام میں انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے مقصد سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال پشاور میں انسدادِ بدعنوانی کے موضوع پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)دائود سلیمی سمیت انتظامی افسران، سرکاری افسران، علما کرام، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری حافظ حذیفہ کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ تقریب کی نظامت اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)ذیشان نجیب نے انجام دی۔ انہوں نے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الکریم (سینئر ممبر متحدہ علما بورڈ خیبرپختونخوا)نے کہا کہ اسلام دیانتداری، امانت اور انصاف کا درس دیتا ہے جبکہ رشوت، خیانت اور بدعنوانی کو سختی سے ممنوع قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ایمانداری اور اخلاقی اقدار کے فروغ سے ہی بدعنوانی جیسے ناسور کا خاتمہ ممکن ہے۔

 

بعد ازاں معروف صحافی و ایڈیٹر امجد عزیز ملک نے اپنے خطاب میں میڈیا کے مثبت کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور بااصول صحافت بدعنوانی کے خلاف مئوثر ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا عوام میں شعور بیدار کرنے اور احتساب کے عمل کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر آفتاب احمد خان نے شرکا کو قومی احتساب بیورو کے کردار، انسدادِ بدعنوانی کے قوانین اور احتساب کے نظام سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے صرف اداروں کی کوششیں کافی نہیں بلکہ عوامی تعاون، شفافیت اور قانون کی پاسداری بھی ناگزیر ہے۔آخر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)دائود سلیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شفاف، جوابدہ اور عوام دوست نظامِ حکومت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف مثر اقدامات، قانون پر یکساں عملدرآمد اور عوامی اعتماد کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمے اور شفاف معاشرے کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔سیمینار کے اختتام پر مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ صرف حکومتی اداروں کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور دیانتداری، شفافیت اور قانون کی پاسداری کو فروغ دے کر ہی ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed