عدالت نے ایچ ایم سی ڈائریکٹر کرنل (ر)گلزار کی برطرفی روک دی

پشاور ہائیکورٹ نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ہسپتال ڈائریکٹر کرنل (ر)گلزار کی جانب سے شوکاز نوٹس کیخلاف دائر آئینی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک ان کی برطرفی سے روک دیا۔عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار جاری انکوائری میں مکمل تعاون کرتے ہوئے اسے جوائن کریں، جبکہ متعلقہ حکام آئندہ سماعت تک ان کی برطرفی کا کوئی حکم جاری نہ کریں۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقررہ تاریخ تک جواب جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔درخواست گزار کے وکیل شمائل احمد بٹ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کرنل (ر)گلزار کو سال 2025 میں ایم ٹی آئی ایکٹ 2015 کے سیکشن 10 کے تحت پانچ سالہ مدت کے لیے ہسپتال ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔درخواست کے مطابق بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کے چیئرمین فنانس ڈائریکٹر کے عہدے پر اکرام اللہ کی تقرری چاہتے تھے، تاہم درخواست گزار نے ان کا نام تجویز نہیں کیا، جس پر چیئرمین ان کے خلاف ہوگئے اور بعد ازاں بدنیتی کی بنیاد پر ان کی مدتِ ملازمت ختم کرنے کے لیے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔وکیل نے مقف اختیار کیا کہ شوکاز نوٹس میں بدعنوانی کے الزامات کی نہ کوئی تفصیل دی گئی ہے اور نہ ہی ان کی تائید میں کوئی قابلِ اعتماد ثبوت پیش کیا گیا ہے، اس لیے یہ کارروائی قانونی تقاضوں کے منافی ہے۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد حکم دیا کہ انکوائری کا عمل جاری رہے گا، تاہم آئندہ سماعت تک درخواست گزار کے خلاف برطرفی کا کوئی حتمی حکم نافذ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed