وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات افتخار اللہ جان نے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل، رکن صوبائی اسمبلی اکبر ایوب خان اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ریحان گل خٹک کے ہمراہ سنٹرل جیل ہری پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ، نئی سہولیات کا افتتاح اور جیل اصلاحات کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔دورے کے آغاز پر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ہری پور نجم عباسی نے جیل کے انتظامی امور، سکیورٹی، طبی سہولیات، ڈیجیٹل گورننس، ورچوئل کورٹس، جیل انڈسٹری اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جیل میں اس وقت تقریباً 1100 قیدی ہیں جبکہ 342 ملین روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر 55 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔افتخار اللہ جان نے خواتین، کم عمر اور منشیات کے عادی قیدیوں کے وارڈز، میڈیکل یونٹ، ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سنٹر اور جیل انڈسٹری کا معائنہ کیا اور ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، ڈینٹسٹ کی خالی آسامی فوری پُر کرنے، فنی تربیت کے فروغ اور قیدیوں کی فلاح و بحالی کے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہید ظاہر سپورٹس ایرینا، اسٹاف آفیسرز میس اور پرزن انڈسٹری شوروم کا افتتاح بھی کیا۔بعد ازاں انہوں نے پرزن اسٹاف ٹریننگ اکیڈمی (پاسٹا) ہری پور کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت جیلوں کو سزا کے مراکز کے بجائے اصلاح، تربیت اور بحالی کے جدید مراکز میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ دورے کے اختتام پر معاون خصوصی نے افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں







