پاک چین دوستی باہمی اعتماد،احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے،عدنان خان

شعیب جمیل

خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن اور بنوں سے جمعیت علمائے اسلام کے منتخب نمائندے عدنان خان نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی و اطلاعاتی مرکز چائنہ ونڈو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرکز کی مختلف ثقافتی، تاریخی، تعلیمی اور معلوماتی گیلریوں کا معائنہ کیا اور چین کی ترقی، ثقافت، تاریخ اور پاک چین دوستی سے متعلق نمائشوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔چائنہ ونڈو کے منتظمین نے معزز مہمان کو مرکز کے قیام، اغراض و مقاصد اور پاک چین عوامی روابط کو مستحکم بنانے کے لیے جاری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہیں بتایا گیا کہ چائنہ ونڈو پشاور میں چینی ثقافت کو متعارف کرانے، سی پیک سے متعلق آگاہی پیدا کرنے، نوجوانوں کو چینی زبان سکھانے اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و تعلیمی روابط کو فروغ دینے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رکنِ صوبائی اسمبلی عدنان خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں اپنی مضبوطی ثابت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کی معاشی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی خوش حالی کے لیے قابلِ قدر تعاون کیا ہے، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے روشن اور خوش حال مستقبل کی ضمانت ہے۔

عدنان خان نے چائنہ ونڈو کو پشاور میں پاک چین دوستی کا ایک منفرد اور مئوثر مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے، ثقافتی ہم آہنگی پیدا کرنے اور نوجوان نسل کو پاک چین تعلقات کی اہمیت سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے چائنہ ونڈو کی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے کی جانے والی ایسی مثبت سرگرمیوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed