اکادمی ادبیات پاکستان کی ہئیت حاکمہ (بورڈ آف گورنرز)کا سینتیسواں اجلاس اکادمی کے کمیٹی روم نمبر 1میں چیئر پر سن بورڈ پروفیسرڈاکٹر نجیبہ عارف کی زیر صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف (چیئر پر سن )، سیدہ تنزیلہ صباحت (نمائندہ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن)، محمد پرویز عالم (نمائندہ وزارت خزانہ)، ڈاکٹر محمد اسحاق سمیجو (نمائندہ حکومت سندھ)، ڈاکٹر گلزار احمد( نمائندہ حکومت خیبر پختونخوا)، ڈاکٹر زینت ثنا بلوچ (نمائندہ حکومت بلوچستان)، احسان شاہ (نمائندہ حکومت گلگت بلتستان)، حارث خلیق (نمائندہ انگریزی زبان)،مبین مرزا (نمائندہ اردو زبان)، ڈاکٹر منظور ویسریو (نمائندہ سند ھی زبان)،کلثوم زیب (نمائندہ پشتو زبان)، ڈاکٹر ضیا الرحمان بلوچی (نمائندہ بلوچی زبان)، ڈاکٹر سعدیہ کمال (نمائند ہ سرائیکی زبان)،افضل مراد (نمائندہ براہوئی زبان)،قاسم نسیم (نما ئندہ شینا،بلتی کھوار زبان )شریک ہوئے۔اجلاس کا مرکزی ایجنڈا اکادمی کے رواں مالی سال کی مدات اور ذیلی مدات میں فنڈز کی ترتیب و تقسیم تھی۔ اکادمی ادبیات نے پاکستان کے ادارہ جاتی استحکام ، انتظامی استعداد میں بہتری، ادبی اور ثقافتی سر گرمیوں کے فروغ اور مستقبل کی ترجیحات کے تعین کے لیے سفارشات پیش کیں۔ اکادمی کے دیگر معاملات بشمول ادبی تقاریب، عالمی کا نفرنس ، نسل نو کی شمولیت، مطبوعات پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ معززین اراکین نے لفٹ کی تنصیب پر چیئرپرسن اکادمی، انتظامیہ اور خاص طور پر محترمہ قیصرہ علوی صاحبہ کی کوشش کو سراہتے ہوئے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔اجلاس کے اختتام سے قبل ارکان ہیئت حاکمہ نے چیئر پرسن ڈاکٹر نجیبہ عارف کی تین سالہ خدمات اور ادارے کی کار کردگی کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے اختتام پر معززین اراکین کو اکادمی کی تازہ مطبوعات اور خبرنامے کے شمارے پیش کیے گئے۔







